اسلام آباد(نیو زڈیسک)دُنیا بھر میں مشہور پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں پاکستان کے معروف اداکار دانش تیمور کا نام شامل کرکے اداکار کو خوش کردیا۔حال ہی میں رونالڈو کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 300 ملین سے زائد ہوئی ہے جس کے بعد وہ دُنیا کی وہ واحد شخصیت بن گئے ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 300 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔کامیابی کے اس موقع پر رونالڈو نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انسٹاگرام پر ایک خصوصی ویڈیو پوسٹ کی جو اُنہوں نے دُنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کے محبت بھرے پیغامات کو جوڑ کر بنائی۔انہی پیغامات میں پاکستانی اداکار دانش تیمور کا پیغام بھی شامل تھا جو رونالڈو نے اپنی ویڈیو میں شامل کیا۔رونالڈو کی ویڈیو میں اپنا نام دیکھ کر دانش تیمور ناصرف خوش ہوئے بلکہ فٹبالر کے لیے انسٹاگرام پر پوسٹ بھی شیئر کردی۔دانش تیمور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں پہلے دن سے ہی رونالڈو کا ایک بہت بڑا مداح رہا ہوں۔اداکار نے لکھا کہ ’میں نے آج صبح دیکھا انسٹاگرام پر رونالڈو کو 300 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے تو بہت خوشی ہوئی اور پھر میں رونالڈو کی ویڈیو میں اپنا نام دیکھ کر چونک گیا۔اُنہوں نے لکھا کہ ’میں ابھی بھی اس بات پر یقین نہیں کرسکتا کہ رونالڈو نے اپنی ویڈیو میں میرا نام اور پیغام شامل کیا ہے۔دانش تیمور نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ واقعی ایک اعزاز کی بات ہے اور میں کبھی بھی نہیں بھولوں گا، یہ میری پوری زندگی کا ایک بہترین دن ہوسکتا ہے۔آخر میں اُنہوں نے پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا شکریہ بھی ادا کیا۔
رونالڈو نے دانش تیمور کوخوش کر دیا۔۔۔
