اسلام آباد : اسد عمر نے مہنگائی اور بڑھتی بیروزگاری سے توجہ ہٹانے کے حکومتی طریقہ کار بارے بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی توجہ تاریخ کی بدترین مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے ہٹانے کا طریقہ نکالا ہے۔ اسد عمر نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے طریقہ یہ نکالا ہے کہ کسی تحریک انصاف کے لیڈر یا معروف صحافی کو گرفتار کرو تاکہ میڈیا میں یہی چلتا رہے،عوام جس تکلیف سے گزر رہے ہیں اس کی بات ہی نہ ہو۔
دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم امن کیلئے تمام اختلافات بھلانے کیلئے تیار ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرز عمل کو بہتر بنائے۔ گزشتہ روز حکومتی نمائندوں نے فون پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی،کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ بالکل بھی مناسب طریقہ نہیں ہے،اے پی سی میں دعوت دینا کا احسن طریقہ ہوتا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے اور اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے،حکومتی رویہ غیر آئینی ہے اور اس ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویے میں بہتری لانا ہو گی،ہم نے اپنے دور میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے بہترین حکمت عملی بنا کر امن قائم کیا۔
حکومت نے عوام کی توجہ تاریخ کی بدترین مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے ہٹانے کے لئے طریقہ یہ نکالا ہے کہ کسی تحریک انصاف کے لیڈر یا معروف صحافی کو گرفتار کرو تاکہ میڈیا میں یہی چلتا رہے اور عوام جس تکلیف سے گزر رہے ہیں اس کی بات ہی نہ ہو
— Asad Umar (@Asad_Umar) February 6, 2023
جبکہ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت یا وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےپی ٹی آئی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا،فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔