لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حالات کے ذمہ داروں کا عوام کو بتائیں گے، بات بیانیئے سے بڑھتی تو بڑھ جائے، ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ انصاف کے حصول کیلئے ہے، چوروں سے مذاکرات نہیں کریں گے، لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے زمان پارک میں کورٹ رپورٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیاری کررہے ہیں ، 11جنوری کو عدالت اعتماد کے ووٹ کا کہے تو ہم تیار ہوں، وزیراعلیٰ کیلئے اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی، ہمارے لوگوں کو اپروچ کیا جارہا ہے، اب تک تین افراد اس حوالے سے بتا چکے ہیں۔
پرویزالٰہی اور ہم اتحادی ہیں، جنرل باجوہ کے بارے پرویزالٰہی کا اپنا مئوقف ہے۔ پرویزالٰہی ہمیں ہمارے مئوقف سے ہٹنے کا نہیں کہہ سکتے، ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ انصاف کے حصول کیلئے ہے۔ چوروں سے مذاکرات نہیں کریں گے، اگر اقتدار میں آئے تو فوری بلدیاتی الیکشن کرائیں گے۔ جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے اس کے تمام مقدمات ختم ہوگئے۔ لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہوگئی ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے، انصاف کی ضرورت امیر کو نہیں غریب کو ہوتی ہے۔ ہم سیاسی لوگ ہیں عوام کو بتائیں گے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار کون ہیں۔اگر ہمارے بیانیئے سے بات بڑھتی ہے تو بڑھ جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے آج ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملاقات کی، عمران خان سے ملاقات میں تمام تحفظات دور کر دئیے گیے۔ زہرہ نقوی چوہدری پرویزالہی کو ہی اعتماد کا ووٹ دیں گی۔ ملاقات میں پنجاب میں کوویڈ کے دوران مقدمات سمیت دیگر تحفظات سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا گیا۔