لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے اعتماد کا ووٹ لینے سے قبل حمزہ شہباز کیمپ کے آزاد رکن پنجاب اسمبلی بلال وڑائچ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قافلے میں شامل ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور میاں اسلم اقبال سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ملاقات میں بلال وڑائچ کی جانب سے تحریک انصاف کے وژن کی تائید کی گئی اور وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بلال وڑائچ بطور آزاد امیدوار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔بلال وڑائچ جلد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کر دیں گے۔بلال وڑائچ نے اس سے قبل حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا تاہم اب وہ اعتماد کے ووٹ میں پرویز الہی کو سپورٹ کریں گے- بلال وڑائچ نے سیاسی صورت حال میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔بلال وڑائچ کی شمولیت کے بعد پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی کی تعداد میں ایک ووٹ کا اضافہ ہو گیا۔فواد چوہدری نے کہ وڑائچ فیملی بہت جلد تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر رہی ہے۔دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے سے انکارکر دیا ہے۔ علامہ ناصر عباس نے اپنے ایک بیان میں وزیراعلی پرویز الہی سے متعلق کہا ہے کہ ہمیں دیوارسے لگایا گیا ہے، پرویزالہٰی نے ہم سے کئے وعدوں پرعمل نہیں کیا۔
نجی ٹی وی چینل سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصرعباس نے کہا کہ ہمیں دیوارسے لگایا گیا ہے۔جبکہ ہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے پرویز الہی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مومنہ وحید مخصوص نشست پر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھی ۔