برازیلیا: فٹبال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ برازیل سے تعلق رکھنے والے پیلے کی ضعیف والدہ اب تک بیٹے کی موت سے بے خبر ہیں، اس بات کا انکشاف آنجہانی فٹبالر “پیلے”کی بہن “ماریا لوسیا ڈو نیسیمینٹو ” نے کیا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل “جیو نیوز”کے مطابق گزشتہ جمعرات کو اس دنیا سے کوچ کر جانے والے دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی “پیلے “کی بہن ماریا لوسیا ڈو نیسیمینٹو نے بتایا کہ زیادہ عمر ہونے کے باعث والدہ اپنی ہی دنیا میں کھوئی رہتی ہیں، جب میں بھائی کا نام لیتی ہوں تو وہ آنکھیں کھولتی ہیں، پر جب میں بولتی ہوں کہ اس کے لیے دعا کریں تو والدہ کو کچھ سمجھ نہیں آتا۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ آنجہانی پیلے نے اپنی والدہ کی 100ویں سالگرہ منائی تھی، انہوں نے والدہ اور اپنی کچھ تصاویر انسٹاگرام پر بھی پوسٹ کی تھیں۔
فٹبال کے’کنگ’ کی حیثیت سے مشہور پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیتے، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے 2021 میں بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہوئے، آپریشن کے ذریعے ٹیومر تو نکال دیا گیا لیکن سرجری کے بعد وہ بیمار رہنے لگے ، اس کے بعد بھی وہ ایک سے زائد مرتبہ اسپتال میں داخل ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق نومبر کے آخر میں پیلے بیماری کی وجہ سے اسپتال پہنچے تو اُن کا مرض سنبھل نہ سکا، 21 دسمبر کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ پیلے کا کینسر پھر سے بڑھ چکا ہے اس لیے اُن کو زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے، تاہم اسپتال داخلے کے ایک ہفتے بعد وہ وفات پا گئے۔