اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) نے قومی خزانہ سے تنخواہ لینے والوں کے اثاثے سامنے لانے کا بڑا مطالبہ کرلیا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے،غنڈہ گردی اور نیب گردی کر کے ٹیکس ریوینیو میں اضافہ نہیں ہوتا 2001 سے اطلاق کرنا عمران صاحب کی بدنیتی کا اظہار ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا ختیار کیاگیا عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں ۔
مریم اور نگزیب نے کہاکہ ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیںایف بی آر سے یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟ انہوں نے کہاکہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں ،تین سال میںنیب نیازی گٹھ جوڑکی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتارکرنے کا اختیار مکمل ختم کیاجائے ،یہ فسطائی اقدامات عمران صاحب کے فسطائی اور بیمار ذہن کی عکاسی ہے۔