لاہور: ملک میں 2 دن معمولی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں پھر سے ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے استحکام کے باوجود کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں دیکھا گیا، جس کی وجہ سے قیمت 1824 ڈالر کی سطح پر ہی برقرار رہی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 87 ہزار 200 روپے ہو کر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 829 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت ایک لاکھ 60 ہزار 494 روپے ہوچکی ہے۔
ادھر وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک سال میں مہنگائی میں 21.6 فیصد اضافہ ہوا، سال 2022 میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 21.6 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا، اسی عرصے میں دیہی علاقوں میں مہنگائی میں 28.8 فیصد ریکارڈ ہوا، گزشتہ سات ماہ سے ملک میں مہنگائی 20 فیصد سے زیادہ رہی۔